ممبئی، 16/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) جموں کشمیر کے سابق اور آخری گورنر ستیہ پال ملک نے نیوز پورٹل ’دی وائر‘ کے کرن تھاپر کو د ئیے گئے انٹرویو میں پلوامہ حملے کو لے کر جو انکشافات کئے ہیں وہ نہ صرف سنسنی خیز ہیں بلکہ ان کی وجہ سے سیاست میں بھونچال پیدا ہو گیا ہے۔
کانگریس کے ۳؍ تیز طرار لیکن مدلل گفتگو کرنے والے ترجمان جے رام رمیش، پون کھیڑا اور سپریہ شرینیت نے ان کے انٹرویو کو لے کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اور مودی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور متعدد سوالات پوچھے ہیں۔ جے رام رمیش نے شروعات کرتے ہوئےپوچھا کہ پلوامہ کے معاملے میں آخر کیا ہوا تھا یہ پورے ملک کو بتایا جائے۔مودی جی نے اس کا سیاسی فائدہ تو بھرپور اٹھایا لیکن سچائی اب تک کسی کے سامنے نہیں آئی ہے ؟ جے رام رمیش کے مطابق پلوامہ حملہ انٹیلی جنس کی بہت بڑی ناکامی تھی ، لیکن اس پر آج تک کوئی بات نہیں ہوئی بلکہ جب بھی سوال اٹھایا جاتا ہے بات کو دیش بھکتی کی طرف موڑ دیا جاتا ہے۔ اسی لئے اب ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم جواب دیں۔
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے وزیر اعظم مودی کے ذریعے پارلیمنٹ میں دئیے گئے ان کے بیان کہ ’’ ایک اکیلا کتنوں کو بھاری پڑ رہا ہے ‘‘ ، پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ستیہ پال ملک نے جو انکشافات کئے ہیں وہ کسی عام آدمی نے نہیں کئے ہیں بلکہ وہ ایک صوبے کے گورنر تھے اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے شخص ہیں۔ اگر وہ کوئی بات کہہ رہے ہیں اور کوئی الزام لگارہے ہیں تو اس کی سچائی کو پرکھنے کی کوشش ضرور ہونی چاہئے۔پون کھیڑا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا وہ بیان یاد کیجئے اور اب سوچئے کہ ایک اکیلا جمہوریت پر بھاری پڑ رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ملک کی جمہوریت ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مودی حکومت سچائی سامنے لائے۔
کانگریس پارٹی کی تیز طرار ترجمان سپریہ شرینیت نے مودی سرکار پر کئی سنگین سوال اٹھائے ۔ انہوں نے پلوامہ حملہ پر وضاحت طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ جب حملہ ہوا تھا تو سبھی لیڈروں نے اپنے اپنے پروگرام ملتوی کردئیے تھے لیکن مودی جی جم کاربیٹ میں ڈاکیومنٹری شوٹ کررہے تھے جبکہ امیت شاہ ریلیاں کررہے تھے۔ سپریہ شرینیت نے پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تصاویر دکھاتے ہوئے پوچھا کہ ان ۴۰؍ لوگوں کی موت کا ذمہ دار کون ہے ؟ اسے سزا کب ملے گی؟انٹیلی جنس کی ناکامی کی ذمہ داری اب تک طے کیوں نہیں ہوئی ؟انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ ۳۰۰؍ کلوآر ڈی ایکس لے جانے والا دہشت گرد کسی بھی ایجنسی کے راڈار پر کیسے نہیں آیا ؟ یہ بہت بڑا سوال ہے جس کا جواب اب پورا ملک مانگ رہا ہے۔
بتاتے چلیں کہ دی وائر کے انٹر ویو نے اپوزیشن کو وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کیخلاف کیل کانٹوں سے لیس کردیا ہے۔ ستیہ پال ملک کے سنسنی خیز انکشافات نے جہاں مودی حکومت کو دہلادیا ہے وہیں کانگریس کو ایک اور موقع فراہم کردیا ہے کہ وہ سرکار کی نااہلی کو دنیا کے سامنے عیاں کرے۔